اسلام
ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو نہ صرف انفرادی اصلاح کی تلقین کرتا ہے بلکہ اجتماعی
طور پر بھی معاشرے کو برائیوں سے پاک رکھنے کا حکم دیتا ہے۔ اسی سلسلے میں احادیثِ
مبارکہ کی روشنی میں چند اہم واقعات اور ارشاداتِ نبوی ﷺ پیشِ خدمت ہیں۔
1.
سب سے افضل انسان اور سب سے بڑا عالم کون؟
حضرت
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک دن حضور صلی اللہ علیہ
وآلہ وسلم اندر تشریف لائے اور تین مرتبہ فرمایا: "اے ابنِ مسعود!" میں
نے بھی جواباً تین مرتبہ عرض کیا: "لبیک یا رسول اللہ!"
پھر
حضور ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو لوگوں میں سب سے افضل کون ہے؟"
میں نے عرض کیا: "اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔"
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "لوگوں میں سب سے افضل وہ ہے جس
کے عمل سب سے اچھے ہوں، بشرطیکہ اسے دین کی سمجھ حاصل ہو جائے۔"
پھر
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اے ابنِ مسعود!"
میں نے عرض کیا: "لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم!"
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم جانتے ہو لوگوں میں سب سے بڑا عالم کون
ہے؟"
میں نے عرض کیا: "اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔"
حضور
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "لوگوں میں سب سے بڑا عالم وہ ہے کہ جب
لوگوں میں اختلاف ہو جائے تو وہ حالات سے متاثر نہ ہو، بلکہ اس موقع پر اس کی سب
سے زیادہ نگاہ حق پر ہو، چاہے وہ عمل میں کچھ کم ہو اور اگرچہ وہ سرین کے بل گھسیٹ
کر چلتا ہو۔"
2.
سابقہ امتوں کے فرقے اور حق پر ڈٹ جانے والے لوگ
اسی
مجلس میں آپ ﷺ نے سابقہ امتوں کا حال بیان کرتے ہوئے فرمایا:
"مجھ سے پہلے جو لوگ تھے ان کے 72 فرقے بن گئے تھے، ان میں سے صرف تین فرقوں
کو نجات ملی اور باقی سب کے سب ہلاک ہو گئے:
- پہلا فرقہ: ایک تو وہ فرقہ جنہوں نے جابر بادشاہوں کا مقابلہ کیا اور
حضرت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کے دین اور اپنے دین کی وجہ سے ان بادشاہوں
سے جنگ کی۔ بادشاہوں نے انہیں پکڑ کر قتل کیا اور آروں سے چیر کر ان کے ٹکڑے
ٹکڑے کر دیے۔
- دوسرا فرقہ: دوسرا فرقہ وہ تھا جن میں بادشاہوں سے مقابلے کی طاقت
نہیں تھی اور ان میں رہ کر ان کو اللہ کی اور حضرت عیسیٰ بن مریم کے دین کی
دعوت دینے کی ہمت نہیں تھی۔ یہ لوگ مختلف علاقوں کی طرف نکل گئے اور رہبانیت
اختیار کر لی۔"
انہی
کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا ہے:
وَرَهْبَانِيَّةً ابْتَدَعُوهَا مَا
كَتَبْنَاهَا عَلَيْهِمْ إِلَّا ابْتِغَاءَ رِضْوَانِ اللَّهِ (سورۃ الحدید، آیت نمبر 27)
ترجمہ: "اور انہوں نے رہبانیت کو خود ایجاد کر لیا، ہم نے اس کو ان پر
واجب نہیں کیا تھا لیکن انہوں نے حق تعالیٰ کی رضا کے واسطے اس کو اختیار کیا تھا،
سو انہوں نے اس کی پوری رعایت نہ کی۔"
پھر
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جو مجھ پر ایمان لائے، میری تصدیق
کرے اور میری اتباع کرے، وہ اس رہبانیت کی پوری رعایت کرنے والا شمار ہوگا اور جو
میری اتباع نہ کرے، یہی لوگ ہلاک ہونے والے ہیں۔"
اور
ایک روایت میں یہ بھی ہے کہ ایک فرقہ تو جابر بادشاہوں کے پاس ٹھہرا رہا اور حضرت
عیسیٰ علیہ السلام کے دین کی دعوت دیتا رہا، جس پر انہیں پکڑ کر قتل کر دیا گیا،
آروں سے چیرا گیا اور آگ میں زندہ جلایا گیا؛ انہوں نے جان دے دی لیکن صبر کا دامن
نہ چھوڑا۔
3.
دو خطرناک نشے اور امر بالمعروف کی اہمیت
حضرت
معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے
فرمایا:
"تم اپنے رب کی طرف سے ایک واضح راستے پر رہو گے جب تک تم میں دو نشے ظاہر نہ
ہو جائیں: ایک جہالت کا نشہ اور دوسرا زندگی (دنیا) کی محبت کا نشہ۔
تب تک تم امر بالمعروف (نیکی کا حکم) اور نہی عن المنکر (برائی سے روکنا) کرتے رہو
گے اور اللہ کے راستے میں جہاد کرتے رہو گے۔"
آپ
ﷺ نے مزید فرمایا: "لیکن جب دنیا کی محبت تم میں ظاہر ہو جائے گی، پھر تم
نہ امر بالمعروف کر سکو گے، نہ نہی عن المنکر کر سکو گے اور نہ ہی اللہ کے راستے
میں جہاد کر سکو گے۔ اس زمانے میں قرآن و حدیث کو بیان کرنے والے ان مہاجرین و
انصار کی طرح ہوں گے جو شروع میں اسلام لائے تھے۔"
4.
قیامت کے دن نور کے منبروں پر بیٹھنے والے خوش نصیب
حضرت
انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:
"کیا میں تمہیں ایسے لوگ نہ بتلاؤں جو نہ نبی ہوں گے نہ شہید ہوں گے، لیکن ان
کو اللہ کے ہاں اتنا اونچا مقام ملے گا کہ قیامت کے دن نبی اور شہید بھی انہیں
دیکھ کر خوش ہوں گے؟ وہ نور کے خاص منبروں پر ہوں گے اور پہچانے جائیں گے۔"
صحابہ
کرامؓ نے پوچھا: "یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! وہ لوگ کون ہیں؟"
آپ ﷺ نے فرمایا: "یہ وہ لوگ ہیں جو اللہ کے بندوں کو اللہ کا محبوب بناتے
ہیں اور اللہ تعالیٰ کو اس کے بندوں کا محبوب بناتے ہیں، اور لوگوں کے خیر خواہ بن
کر زمین پر پھرتے رہتے ہیں۔"
میں
نے عرض کیا: "یا رسول اللہ! یہ بات تو سمجھ میں آتی ہے کہ وہ اللہ کو اس کے
بندوں کا محبوب بنائیں، لیکن یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ وہ اللہ کے بندوں کو اللہ کا
محبوب کیسے بنائیں گے؟"
آپ
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "یہ لوگ اللہ کے بندوں کو ان کاموں کا حکم
دیں گے جو کام اللہ کو محبوب اور پسند ہیں، اور ان کاموں سے روکیں گے جو اللہ کو
پسند نہیں۔ وہ بندے جب ان کی بات مان کر اللہ کے پسندیدہ کام کرنے لگ جائیں گے، تو
یہ بندے اللہ کے محبوب بن جائیں گے۔" (اخرجہ البیہقی)
ماخوذ
اذحیاۃ الصحابۃ جلد۲
Comments
Post a Comment